معلومات
صوفی نفسیاتی علاج کیا ہے؟
”سائیکولوجی“ کی اصطلاح یونانی الفاظ ”سائیکی“ اور ”لوگوس“ کا مرکّب ہے۔ ”سائیکی“ کا مطلب ہے:سانس، ”...لہٰذا حیات (جسے سانس کے حوالے اور سانس لینے کے عمل سے پہچانا جاتا ہے) انسان اور دیگر جان داروں میں حرکت پیدا کرنے کا سرچشمہ اور روح و روانِ ہستی ہے...،“ یا ”کل کائنات کا اصولِ حیات، جو تمام عالم کی جان (anima mundi ) ہے (مرّے 1933)۔“ ”لوگوس“ کا مطلب ہے: کسی ضابطے اور اصول کو بیان کرنے والا لفظ۔ علمِ الٰہیات، میں ”لوگوس“ سے مراد ہے: ”کلمۂ خدا،“ لہٰذا ”سائیکولوجی“ کا اصل مفہوم ہے: وہ لفظ یا ہیئت جو حیات، روح یا نفس کے اصول بیان کرے۔
جس علم کو آج ”مغربی سائیکولوجی“ کہا جاتا ہے، اُس کے رہنماؤں نے بیسویں صدی کے دوران ”سائیکولوجی“ کی اصطلاح کا مفہوم بالکل بدل کر رکھ دیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ”سائیکی“ کا مطلب لیا گیا: ذہن۔ یوں سائیکولوجی سے مراد لیا گیا: ذہن کا مطالعہ یا علم۔ آج یہی نظریہ مقبول ہے۔ اِس کے برعکس، مکتبِ طریقتِ اویسیٔ شاہ مقصودی®کے تحت عرفان و تصوّف کا اصل مفہوم برقرار رکھا گیا، سو ایم ٹی او صوفی نفسیات سے مراد ہے:علمِ نفس۔
صوفی نفسیات ہمارے روحانی دائرہٴ حیات کی بنیادی اہمیت اور ہماری روزمرّہ زندگی کے معمولات پر اُس کے گہرے اثرات پر زور دیتی ہے۔ ساتویں صدی میں حضرت علی علیہ السّلام نے ایک بنیادی ہدایت فرمائی تھی: ”اگر تم اپنی باطنی زندگی کا خیال رکھو تو خدا تمھاری ظاہری زندگی کا خیال رکھے گا۔“ مکتبِ عرفانِ اسلامی ، مکتبِ طریقتِ اویسیٔ شاہ مقصودی® میں صوفی نفسیات چودہ سو سال قدیم نظم کے تحت ترتیب دیا ہوا ایک ایسا تربیتی پروگرام ہے جو آپ کو اپنی باطنی زندگی سنبھالنے اور اپنے وجود کی اعلیٰ ترین حالت تک پہنچنے کے قابل بنا دیتا ہے۔
Murray, Sir James A. H. (1933). The Oxford English Dictionary. Oxford: Clarendon Press.
عرفان وتصوّف ”...ایک طریقِ کار،ایک راستا اور ایک نظم ہے جو ہر شخص کو خود اپنی ذاتی ہستی کے گہرے مطالعے کا علم سکھاتا ہے اور اُس کی مخفی صلاحیتوں اور امکانات کی نشاں دہی کرتا اوروجود کہلانے والے اِس بے کراں اور لا محدود مشجّر پردے کی حقیقت دریافت کرتا ہے۔“
حضرت صلاح الدّین علی نادر عنقا، در ”عرفان و تصوّف اور ایمان “
مجھے ایم ٹی او صوفی نفسیات® سے کیونکر فائدہ حاصل ہو سکتا ہے؟
ایم ٹی او شاہ مقصودی صوفی نفسیات ®کی عملی مشقوں اور اصولوں پر عمل کر کے آپ متعدّد فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ ابتدائی مراحل میں یہ عملی مشقیں پریشانیاں اور فکریں کم کرنے، ذہنی دباو سے نجات پانے اور ہماری روزمرّہ زندگی میں درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے میں بےحد مددگار ہیں۔ جوں جوں کوئی شخص اِن عملی مشقوں میں آگے بڑھتا جاتا ہے، اُسے اپنی پرانی لَتوں سے بتدریج چھٹکارا ملتا جاتا ہے اور وہ ایک ایسے باطنی سکون سے آشنا ہو جاتا ہے، جس میں امید، محبت، تخلیقی عمل اور پُرسکون لطف کا حصول ممکن ہو جاتا ہے۔ پھر جب وہ اِن مشقوں میں مزید نکھار پیدا کر لیتا ہے تو اُسے اپنے وجود کی تمام حالتوں، یعنی جسمانی، نفسیاتی، جذباتی، سماجی اور روحانی جہتوں میں مزید مثبت اور گہرے نتائج حاصل ہونے لگتے ہیں۔
ہزار سال سے زائد کے عرصے میں مختلف زبانوں میں بلامبالغہ ایسی سیکڑوں کتابیں لکھی جا چکی ہیں جن میں عرفانی مشقوں کے مثبت نتائج کی تصدیق کی گئی ہے۔ مکتب کے اشاعتی حصّے میں موجودہ دور میں ایم ٹی او شاہ مقصودی کے اساتذہ کی مجوّزہ تصانیف درج کی گئی ہیں۔
لطافتِ روح میں اضافہ کر! تا کہ حق کی پہچان ہو سکے اور وہ تیری روح کو مالامال کردے۔
مولانا المعظّم حضرت شاہ مقصود صادق عنقا در ”پیامِ دل“
صوفی نفسیاتی علاج کیا ہے؟
صوفی نفسیاتی علاج ایم ٹی او شاہ مقصودی® کےمہیّا کردہ ماحول میں اُس کی عملی عرفانی مشقوں، عرفانی اصولوں اور نفسیاتی طریقہٴ علاج کے اطلاق کا نام ہے۔ عام طور پر یہ مشقیں مروّجہ نفسیاتی طریقہ ہاے علاج کی تکنیکوں کے ساتھ ملا کر کی جاتی ہیں، تاہم بعض ایم ٹی او صوفی نفسیاتی مشقیں اُن افراد کے لیے موزوں نہیں جو کسی قسم کے دماغی یا نفسیاتی عارضے میں مبتلا ہوں۔
پودوں کا پھلنا پھولنا دانا اور مستعد باغبان کا مرہونِ منّت ہوتا ہے، اور بھیڑیوں کی حفاظت چوکس چرواہے کی ہدایت اور حمایت ہی سے ممکن ہے، اور دلوں کے حوصلے پاک فطرت افراد کی ہم دمی سے حاصل ہوتے ہیں۔ پسندیدہ ترین شے طائرِ روحِ قلب ہے، پس غور سے دیکھ کہ تُو کون سے مَرغ ز ار میں اُسے چھوڑ رہا ہے، اور اُس کی پرورش کس کے سپرد کر رہا ہے۔
مولانا المعظّم حضرت شاہ مقصود صادق عنقا در ”پیامِ دل“
ارکان کون ہیں؟
انجمنِ صوفی نفسیات کی رکنیت عام افراد کے لیے کھلی ہے۔ اِس انجمن کے ارکان مختلف عمروں، پیشوں، نسلوں اور مذہبی پس منظروں سے تعلّق رکھتے ہیں۔ عرفان و تصوّف جنس، ثقافتی، قومی، سیاسی، اقتصادی اور جغرافیائی تعصّبات کی قیود سے بالاتر ہے اور اُن تمام افراد کو خوش آمدید کہتا ہے جو صمیمِ قلب سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
انجمنِ صوفی نفسیات کس قسم کا ادارہ ہے؟
ایم ٹی او صوفی نفسیات® ایک غیرمنافع بخش تعلیمی تنظیم ہے، جس کی بنیاد 1997 میں اِس مکتب کے طلبہ کی ایک جماعت نے ساکرامنٹو، کیلیفورنیا میں ایک کانفرنس کے ذریعے رکھی۔ اُس کے بعد سے اِس کی سرگرمیوں میں مختلف یونیورسٹیوں میں سالانہ کم از کم تین کانفرنسیں، ایک شش ماہی جرنل، یہ ویب سائٹ اور تمرکز® کلاسیں، ورک شاپیں اور محافلِ مراقبہ شامل ہیں۔ یہ تنظیم اِس بات کی مُجاز ہے کہ سماجی کارکنوں کو کانفرنسوں اور محافلِ مراقبہ کی صورت تسلسلی تعلیمی یونٹ مہیّا کرے۔ تمام خدمات رضا کاروں کے ذریعے مہیّا کی جاتی اور انجام دی جاتی ہیں۔ یہاں کوئی تنخواہ دار عملہ نہیں جس کی بدولت آسائشات، مثلًا میزوں پر پھول اور مزے دار فواکہات اور کھانوں کی فراہمی ممکن ہو پاتی ہے۔
رکنیت کا طریقہ
یہ آسان ہے۔ صرف ابھی ہمارے ساتھ شامل ہوجائیے پرکلک کیجیے اور آن لائن رکنیت فارم پُر کیجیے۔ آپ کی سالانہ رکنیت فیس سے اِس ویب سائٹ سمیت کانفرنسوں، محافلِ مراقبہ، ورک شاپوں اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد میں مدد ملتی ہے۔ سالانہ رکنیت میں Sufism: The Science of the Soul اور انجمنِ صوفی نفسیات کی تمام سرگرمیوں کی نمایاں طور پر رعایتی فیس شامل ہے۔ رکنیت ہر تقویمی سال کے جنوری سے دسمبر تک برقرار رہتی ہے۔ ارکان سے متعلّق معلومات کا اشتراک نہیں کیا جاتا، نہ یہ معلومات کرائے پر دی جاتی ہیں، نہ ہی فروخت کی جاتی ہیں۔
ابھی ہمارے ساتھ شامل ہوجائیے۔